ملتان میں آشوب چشم، ڈینگی بخار بے قابو،،ڈینگی ہیلتھ افسران سرکاری سیٹوں کی خریدو فروخت کے بجائے وائرس کے خاتمہ پر توجہ دیں، وزیرا علیٰ پنجاب ، کمشنر ملتان رشوت خور سرکاری ملازمین کا قبلہ درست کریں: حانیہ خان
ملتان(صفدربخاری سے) ملتان میں آشوب چشم، ڈینگی بخار بے قابو ہو چکا ہے۔ ہر تیسرے گھر میں آشوب چشم اور ڈینگی بخار کے مریض موجود ہیں۔ ڈینگی ہیلتھ افسران سرکاری سیٹوں کی خریدو فروخت کے بجائے وائرس کے خاتمہ پر توجہ دیں۔ وزیرا علیٰ پنجاب محسن نقوی، کمشنر ملتان عامر خٹک ملتان میں رشوت خور سرکاری ملازمین کا قبلہ درست کریں۔ ان خیالات کا اظہار وسیب زادی حانیہ خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے نہ سپرے کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی آشوب چشم کے پھیلتے وائرس پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ ڈینگی سپرے تعلقات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، عام لوگ ڈینگی سپرے سے محروم ہیں اور ڈینگی افسران و ورکرز اپنوں کے گھروں میں ڈینگی سپرے کر رہے ہیں۔ ڈینگی انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے ملتان ڈینگی وائرس کا گڑھ بن چکا ہے۔ ہر دوسرے، تیسرے گھر میں لوگ ڈینگی بخار میں مبتلا ہیں۔ ڈینگی افسران ڈینگی ورکرز کی سیٹیں رشوت کے عویض فروخت کرنے کی بجائے ڈینگی کے خاتمے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی شعبہ صحت بارے خدمات قابل تحسین ہیں۔ وزیرا علیٰ خود صحافی ہیں اور صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتا ہے، وزیرا علیٰ محسن نقوی محکمہ صحت بالخصوص ڈینگی کے شعبہ میں سرکاری نشستوں کی خریدوفروخت پر از خود نوٹس لیں کہ غریب لوگ لاکھوں روپیہ رشوت کہاں سے دے کر نوکری خریدیں؟ بالآخر غریب رشوت نہ ہونے کی وجہ سے نوکری سے محروم رہ جاتا ہے اور امیر رشوت دے کر برسرروزگار ہو جاتا ہے، وزیر اعلیٰ محسن نقوی اپنے دور حکومت کو یاد گار بنانے کیلئے تمام شعبہ جات سے رشوت سسٹم ختم کرائیں اور اپنے دور حکومت کو ’’میرٹ پسند‘‘ دور کے طور پر تاریخ کے سنہری حروف میں لکھوائیں۔ حانیہ خان نے کہا کہ کمشنر ملتان عامر خٹک اور ان کی ٹیم کا کام قابل تحسین ہے لیکن نچلے عملے کو درست کرنے کی ضرورت ہے جو سب اچھا کی رپورٹ دیتے ہیں مگر عملی اقدامات نہیں کرتے۔ آج گورنمنٹ نوکری ملتی نہیں، لوگ بیروزگار ہیں اور جو گورنمنٹ نوکری کر رہے ہیں وہ آگے نوکریاں بیچ رہے ہیں کہ سرکاری بالخصوص ڈینگی، پولیو و دیگر خالی سیٹوں کا اشتہار اخبار میں شائع ہونے سے پہلے بیچ دی جاتی ہیں، انٹرویوز صرف دکھاوا اور غریب کیلئے دھکے ثابت ہوتے ہیں، اس نظام کو بدلنا ہو گا ورنہ غریب کے پاس صرف خودکشی کا راستہ باقی رہ جاتا ہے۔ وزیرا علیٰ پنجاب محسن نقوی، کمشنر ملتان عامر خٹک ملتان میں رشوت خور سرکاری ملازمین کا قبلہ درست کریں کہ اہل ملتان آپ کو دعائیں دیں گے اور ملتان کی تاریخ میں آپ کا نام ہمیشہ اچھے لفظوں میں یاد کیا جائے گا۔