ملتان کی پہچان ۔۔۔۔شاکر حسین شاکر

میاں نعیم ارشد

ملتان ادبی، ثقافتی اور تہذیبی لحاظ سے بڑا زرخیز خطہ ہےملتان کے ادب پر کافی عرصہ سے ایک ایسا نام ہمیشہ نمایاں رہا ہے جس سے ہر طبقہ محبت رکھتا ہے وہ نام ہے شاکر حسین شاکر کا جنہوں نے ہمیشہ عروج ہی دیکھا ہے شاکر حسین شاکر کا تعلق ادب برادری سے ہے انہوں نے ادب کے فروغ کیلئے اپنا اہم کر دار ادا کیا ہے گوکہ شاکر حسین شاکر کا تعلق ایک کاروباری گھرانے سے ہے ان کے بزرگ اندرونِ شہر سونے کے کاروبار سے وابستہ رہے ہیں مگر شاکر حسین شاکر نے اپنی الگ ایک ممتاز شناخت بنائی ہے ۔
شاکر حسین شاکر کو بچپن ہی سے ادب سے لگاواور مطالعے کا شوق تھا۔یہی شوق انہیں “کتاب نگر” کی صورت میں سامنے لے آیا۔ انہوں نے1980 میں حسن آرکیڈ ملتان کینٹ میں کتابوں کی دکان قائم کی جو نہ صرف ان کی پہچان بنی بلکہ ان کے ادبی ذوق کی تکمیل کو بھی پروان چڑھانے میں اہم کر دار ادا کیا ۔ شاکر حسین شاکر کی کتابوں کی دکان نوجوان شعرا، ادیبوں اور اہلِ ذوق کیلئے ایک ادبی ٹھکانہ ثابت ہوئی جو آ ج بھی اہل قلم کیلئے سود مند تصور کی جاتی ہے ۔شاکر حسین شاکر ملتان کے ادب پر سالہا سال سے چھائے ہو ئے ہیں ۔انہوں نے ہزاروں اہل قلم کی کتابیں چھاپ کر ان کا ادب سے رشتہ مضبوط کیا ہے۔ ملتان کی ادبی وثقافتی و مذہبی تقریبات میں وہ ایک کمپیئر بھی اپنی شناخت خوب رکھتے ہیں شاکر جتنے بہترین کمپیئر ہیں اتنے ہی خوبصورت اینکر بھی ہیں ان کے لہجے میں مٹھاس لوگوں کو ان کی طرف کھنچے چلی آ تی ہے۔ ریڈیو، ٹیلی ویژن اور مختلف ادبی و ثقافتی تقریبات میں انہیں خصوصی طور پر بلایا جاتا ہے شاکر حسین شاکر بیس سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں جن میں شاعری ، ثقافتی ورثے، ملتان کی تاریخ، تہذیب، اولیاء، تاریخی مقامات ،مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح، محترمہ بینظیر بھٹو، طنز و مزاح، ساڈا چڑیاں دا چنبہ اے،میری پیاری امی جان،اور دیگر ان کی مقبول کتابیں ہیں ۔
انہیں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ پر تحریر کردہ کتاب پر حکومتِ پاکستان نے دو قومی ایوارڈز اور مجموعی خدمات پر صدارتی تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا ہے جوکہ ملتان کیلئے بھی ایک اعزاز ہےبطور ناشر بھی شاکر حسین شاکر اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں وہ شاعر،ادیب ، کالم نگار، کمپیئر ، ناشر ہونے کے ساتھ ساتھ محبت کرنے والے انسان بھی ہیں شاکر ملتان کی پہچان ہی نہیں بلکہ ملتان کی جان ملتان کا فخر ہیں شاکر حسین شاکر سے میرا عزت واحترام پر مبنی دیرینہ تعلق ہے مجھے ان کی جانب سے ہمیشہ پیار اور احترام ملا اپنے وقت کی مثالی این جی او دیپ آ رگنائزیشن کے طویل عرصہ تک جنرل سیکرٹری سمیت مختلف عہدوں پر فائز رہے ۔میری پہلی ملاقات بھی سبطین رضا لودھی کی وساطت سے اسی پلیٹ فارم سے ہوئی شاکر حسین شاکر اپنے مرحوم ماموں معروف ماہر تعلیم ، سابق پرنسپل ، شاعر، ادیب جناب پروفیسر حسین سحر کا خوبصورت عکس ہیں ۔پروفیسر حسین سحر سچے عاشق رسول اور علامہ اقبال کے شیدائی تھے۔
شاکر حسین شاکر کی مادری زبان سرائیکی تو نہیں مگر خوبصورت سرائیکی لب و لہجہ رکھنے والے شاکر حسین شاکر پی ٹی وی ملتان سنٹر کے سرائیکی پروگرام وساخ کی میزبانی کے فرائض انتہائی احسن انداز سے سر انجام دے رہے ہیں اس پروگرام کے پرو ڈیوسر خرم شجرا ہیں ۔خاکسار کو بھی اس پروگرام میں بطور مہمان کئی مرتبہ شرکت کا موقع ملا ہے ۔شاکر حسین شاکر کی مقبولیت ہر دور میں بڑھتی رہتی ہے ۔جب انسان خلوص نیت سے کام کرے تو اللہ ضرور اپنے بندے کو نوازتا چلا جاتا ہے شاکر پر بھی اللہ کی خاص مہربانیاں ہیں جس کی وجہ سے انہیں ہر دور میں کامیابیاں ملی ہیں اللہ رب العزت شاکر حسین شاکر کے علم و عمل میں مزید اضافہ اور صحت و سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے آ مین۔