نوجوان بے روزگاری کے باعث مایوسی کا شکار، چھوٹے کاروبار تباہی کے دہانے پر: شیخ محمد یونس
ملتان: سیاسی و سماجی رہنما سابق کونسلر شیخ محمد یونس نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ متوسط اور غریب طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے جبکہ گھریلو اخراجات پورے کرنا عام آدمی کے لیے مشکل ترین مرحلہ بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بجلی اور گیس کے بھاری بلوں نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔ مہنگائی کے اثرات نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ مزدور، سرکاری ملازمین، سفید پوش خاندانوں اور دیہاڑی دار طبقے پر بھی انتہائی منفی انداز میں مرتب ہو رہے ہیں۔ بے روزگاری میں اضافے کے باعث نوجوان مایوسی کا شکار ہیں اور چھوٹے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔شیخ محمد یونس نے کہا کہ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ حکومت فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرے، بجلی و گیس کے نرخوں میں کمی کی جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے بغیر بے روزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی قوت خرید ختم کر دی ہے، لوگ اپنے بچوں کی تعلیم، علاج اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہوتے جا رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور معاشی پالیسیوں میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں جن سے عام شہری کو حقیقی ریلیف مل سکے۔آخر میں شیخ محمد یونس نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو معاشی استحکام عطا فرمائے اور عوام کو درپیش مشکلات و پریشانیوں سے نجات دے۔







































Visit Today : 419
Visit Yesterday : 498
This Month : 10658
This Year : 74377
Total Visit : 179365
Hits Today : 18019
Total Hits : 1091048
Who's Online : 12






















