ملتان(صفدربخاری سے)جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ملتان خواجہ عاصم ریاض نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی، ظالمانہ ٹیکسز اور مہنگائی کے ذریعے عوام پر مسلسل معاشی حملے کیے جا رہے ہیں۔ حکمران اشرافیہ اپنی شاہ خرچیوں، پروٹوکول اور مراعات میں کمی لانے کے بجائے ہر بار غریب اور متوسط طبقے پر ہی بوجھ ڈال رہی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام معصوم شاہ روڈ پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حافظ محمد اسلم امیر جماعت اسلامی ملتان صدر، مرزا تنویر احمد نائب امیر ، مولانا عبد الرزاق، اویس قریشی اور دیگر ذمہ دران بھی شریک تھے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی اور ٹیکسز کے باعث اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ، بجلی اور روزمرہ استعمال کی تمام چیزیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے ناقابل برداشت بلوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب حکمران طبقہ قومی وسائل کو بے دردی سے استعمال کر رہا ہے۔خواجہ عاصم ریاض نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور مہنگائی، پٹرولیم لیوی اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران عوام سے قربانیوں کا مطالبہ کرتے ہیں مگر خود اپنی مراعات، شاہانہ اخراجات اور غیر ضروری پروٹوکول ختم کرنے کو تیار نہیں۔خواجہ عاصم نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ اس رقم کے استعمال کے حوالے سے کوئی شفاف نظام موجود نہیں۔ حکومت اگر واقعی معاشی بحران سے نکلنا چاہتی ہے تو اسے جاگیرداروں، بڑے سرمایہ داروں اور ٹیکس نیٹ سے باہر طاقتور طبقات کو قانون کے دائرے میں لانا ہوگا، نہ کہ موٹر سائیکل سوار، مزدور اور تنخواہ دار طبقے کو مزید نچوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر عوامی حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔