ملتان (صفدربخاری سے)  یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ پوری محنت اور جانفشانی سے صحت کے شعبے میں عوام کو درپیش مسائل کو کم کرنے تعلیم صحت اور سماجی شعبوں میں اپنی خدمات جاری رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بختاور امین میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان کے دوسرے کانو وکیشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا ،پروفیسر راشد لطیف خان ،پروفیسر محمد سمیع اختر اور میاں محمد جمیل مہمان خصوصی تھے، پروفیسر احسن وحید راٹھور نےمذید کہا کہ پاکستان میں طب کے شعبے میں پوسٹ گریجویشن کا معیار بہت اعلی ہے، تاہم اگر کچھ ڈاکٹر حضرات بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے جائیں، تو پھر واپس آ کر ملک اور قوم کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو وقف کر دیں اور وطن عزیز ،والدین اور اساتذہ کا نام روشن کریں ، بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کامران رسول نے نوجوان ڈاکٹروں سے حلف لیا ،انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو رحاضر میں درپیش چیلنجز کے مقابلے کے لیے محنت، لگن،ریسرچ اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، کالج کی پرنسپل پروفیسرصائمہ منظور نے اپنے خطاب میں کالج کی کامیابیوں پر مبنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے طلبہ یونیورسٹی کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کر رہے ہیں ،کالج میں ڈسپلن، پابندی اوقات اور اساتذہ اور والدین کے احترام کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، سعد منصور نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ بختاور امین ٹرسٹ ہسپتال خدمت خلق کے مختلف شعبوں میں اپنے خدمات کا تسلسل جاری رکھے گا، پروفیسر راشد لطیف خان اور پروفیسر محمد سمیع اختر نے کہا کہ طلباء سخت محنت دیانتداری اور خلوص نیت سے صحت کے شعبوں میں خدمات سرانجام دیں اور مستقبل میں ملک اور قوم کی قیادت کا فریضہ سرانجام دیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے مضبوط ہے نوجوان دفاع وطن کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، تقریب میں وائس پرنسپل پروفیسر عامر علی خان، میاں منصور رشید، میاں سعود رشید، سی ایم ایچ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر واجد برکی ، ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران رسول، پروفیسر مسعود الرؤف ہراج ، میاں محمد عالمگیر اور دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر مہمان خصوصی نے نمایاں اور امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو میڈلز اور ایم بی بی ایس کی ڈگریاں تقسیم کیں۔