ملتان:  کونسلرز اتحاد کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد یوسف انصاری نے کہاہے کہ مقامی حکومتیں کسی بھی جمہوری نظام کی بنیاد ہوتی ہیں اور عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں بلدیاتی نمائندوں کا کردار انتہائی اہم ہے، بلدیاتی اداروں کی غیر فعالیت سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ نچلی سطح پر ترقیاتی کام بھی متاثر ہو رہے ہیں،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کے منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں خدمت کا عمل دوبارہ شروع کر سکیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزتحصیل ملتان چوہدری محمد لطیف گجر کی رہائش گاہ کائیاں پور میں نومنتخب عہدے داروں کو نوٹی فیکشن دینے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کونسلرز اتحاد پنجاب کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر احسان علی قریشی اور کونسلرزاتحاد ضلع ملتان خواتین ونگ کے صدر کے عہدہ پر نبیلہ بٹ اور جنرل سیکرٹری پر لاریب انصاری کا تقرر کیا گیا ہے ،گزشتہ روز تقریب میں نو منتخب عہدیداران کو سرپرست اعلیٰ کونسلرز اتحاد حاجی محمد یوسف انصاری نے اپنے ہاتھ سے باقاعدہ نوٹیفکیشن دیئے ، ،تقریب کی صدارت کونسلرز اتحاد کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد یوسف انصاری نے کی ،تقریب میں ڈاکٹر اکرم شاد کنوینئر کونسلرز اتحاد ضلع ملتان، محمد امین بابر نائب صدر سٹی ملتان، منظور احمد شاہ، مہر فدا حسین کھیڑا، راجہ رانا ساجد حسین سمیت دیگر بلدیاتی شخصیات نے شرکت کی ،حاجی محمد یوسف انصاری نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ احسان علی قریشی اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں گے اور زیادہ سے زیادہ دوستوں کو تنظیم کا حصہ بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ خواتین ونگ کو مضبوط اور متحرک دیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نبیلہ بٹ جلد از جلد اپنی تنظیم سازی مکمل کریں اور خواتین کونسلرز کو متحد کر کے ایک فعال ٹیم تشکیل دیں تاکہ خواتین کے مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ تنظیم کی مضبوطی ہی عوامی خدمت کی ضمانت ہے اور تمام عہدیداران باہمی مشاورت اور اتحاد کے ذریعے تنظیم کو مزید فعال بنائیں گے۔ آخر میں نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔