ملتان(صفدربخاری سے) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے چلڈرن ہسپتال ملتان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریض بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کی انسپکشن کی۔ دورے کے دوران ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر محمد کاشف نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے انتظامی امور، طبی سہولیات، مریض بچوں کی تعداد، علاج معالجے کی سہولیات اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہسپتال کی عمارت کے مختلف شعبہ جات اور وارڈز کا معائنہ کیا اور زیر علاج بچوں کے والدین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ والدین نے ہسپتال میں فراہم طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ بعض مسائل بھی ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریض بچوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام وسائل بروئے کار لا کر بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور وارڈز میں بہتر ماحول برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔ محمد نعمان صدیق نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کیے جائیں گے تاکہ والدین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی خدمت ایک عظیم فریضہ ہے اور ڈاکٹرز و طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں جذبہ خدمت کے تحت ادا کریں۔