ملتان (صفدربخاری سے)  ڈسٹرکٹ بار ملتان میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے سائلین کے لئے بائیو میٹرک ویری فکیشن لازمی قرار دینے اور اس مد میں فیس وصولی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرہ کی قیادت ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و سابق صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سید ریاض الحسن گیلانی نے کی، وکلاءنے عدالتی پالیسی کو سائلین کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ بائیو میٹرک ویری فکیشن کی شرط فوری طور پر واپس لی جائے،احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید ریاض الحسن گیلانی نے کہا کہ اگر وکلاءکے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ ہر تحصیل اور ہر ضلع تک پھیلا دیا جائے گا،انہوں نے اعلان کیا کہ وکلاءکی آخری منزل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی عدالت کی طرف لانگ مارچ اور گھیراو? ہوگا، جہاں وکلاءاپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر سائلین کے لیے بائیو میٹرک ویری فکیشن لازمی قرار دینا اور اس کے عوض 200 روپے فیس وصول کرنا غریب عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے،ان کے مطابق اس رقم میں سے 60 روپے بار ایسوسی ایشن جبکہ 20 روپے عدالتی عملے کے لئے مختص کئے گئے ہیں، حالانکہ عدالتی اہلکار پہلے ہی حکومت سے بھاری تنخواہیں اور مراعات حاصل کر رہے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس پالیسی کے ذریعے کروڑوں روپے کی “عدالتی بھتہ گیری” اور رشوت ستانی کو فروغ دیا جا رہا ہےاحتجاج کے دوران شدید گرمی کے باعث خاتون وکیل شمیم اختر ایڈووکیٹ کی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئیں، جس پر فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس بلائی گئی ، جس میں انہیں نشتر ہسپتال ایمرجنسی منتقل کر دیا گیا۔ سید ریاض الحسن گیلانی نے بتایا کہ ہسپتال روانگی سے قبل شمیم اختر نے احتجاج جاری رکھنے کا پیغام دیا اور کہا کہ ناانصافی کے خلاف جدوجہد کسی صورت ختم نہیں ہونی چاہیے۔احتجاجی مظاہرے میں نشید عارف گوندل، سید اقبال مہدی زیدی، سید ذاکر حسین نقوی، ملک محبوب سندیلہ، سرفراز حسین، سید حسین علی بخاری، انصر دھرالہ، جہانزیب، عرفان سندھو، سید منظور حسین مہر، حسیب قادر، سجاد حسین ٹانگرا، اللہ دتا، کاشف محسن، سلیم راو ¿ ،افتخار گل، ندا عارف، رانا اسرار، سلیم خان لودھی، رانا عرفان مطلوب، اعتزاز لطیف، حسن خان، غلام نبی طاہر ، طاہر سلیم ہنجرہ، ثوبیہ چوہان، صوبیہ اسلم، رانا طیبہ فاروق کمبوہ سمیت وکلاءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔