اسلام آباد:  پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)نے ملک میں غیر قانونی سموں کے اجرا کی روک تھام اور سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام موبائل فون کمپنیوں پر ملک بھر میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سم کارڈز کی فروخت پر پابندی عائد کردی۔  تمام موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک ملک بھر میں سم کارڈز کی فروخت معطل رکھی جائے، یہ فیصلہ جعلی اور غیر قانونی سموں کے استعمال کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ صارفین کے تحفظ اور شفاف ٹیلی کام نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔تمام مجاز فرنچائزز، ریٹیلرز اور دیگر سیل پوائنٹس ان اوقات کار کی پابندی کے ذمہ دار ہوں گے، ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹیلی کام قوانین کے تحت سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔  اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف مجاز مراکز سے مقررہ اوقات میں سم خریدیں اور سم کی فعال سازی سے قبل بائیو میٹرک تصدیق لازمی مکمل کریں۔اگر کہیں ان ہدایات کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئے تو فوری طور پر پی ٹی اے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، ڈیجیٹل اسسٹنٹ واٹس ایپ یا ٹول فری نمبر پر اطلاع دیں۔یہ اقدام صارفین کے مفادات کے تحفظ، سموں کے غلط استعمال کی روک تھام اور ملک میں محفوظ و شفاف ٹیلی کام ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔