ملتان : چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کے انتخابات میں صدر کی نشست پر حصہ لینے والے رانا محمد اصغر، جنرل سیکرٹری کی نشست پر ملک عبدالصمد ڈوگر اور گروپ لیڈر ملک طاہر ڈوگر نے شہرِ اولیاء کی تاجر برادری کے اعتماد، محبت اور والہانہ حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں نے جس خلوص، جذبے اور اعتماد کے ساتھ ہمارا ساتھ دیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ رانا محمد اصغر نے کہا کہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر میں انتخابات کا انعقاد کروا کر بزرگ تاجر رہنما خواجہ محمد شفیق نے جمہوریت کا حسن بحال کیا ہے، جو ایک خوش آئند اور قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائےجمہوریت کا حسن ہوتا ہے مگر اداروں کا مضبوط ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ ہم چیمبر کا حصہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے کیونکہ یہ ادارہ ملتان کی تاجر برادری کی آواز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان کے تاجروں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ خدمت، کردار اور اخلاص کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ بازاروں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں جس انداز سے تاجروں نے محبت، عزت اور حوصلہ افزائی دی، وہ ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ ہم ہر اس تاجر بھائی کے تہہ دل سے مشکور ہیں جس نے ہم پر اعتماد کیا اور ہمارے قافلے کا حصہ بنا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ایک مرحلہ ہوتا ہے مگر تاجر برادری سے ہمارا تعلق کسی انتخاب یا عہدے کا محتاج نہیں۔ ہم پہلے بھی تاجروں کے درمیان موجود تھے، آج بھی موجود ہیں اور آئندہ بھی ان کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اصل کامیابی تاجروں کے دل جیتنا اور ان کا اعتماد حاصل کرنا ہے، اور الحمدللہ ہمیں اپنی تاجر برادری کی بے پناہ محبت حاصل ہوئی۔گروپ لیڈر ملک طاہر ڈوگر نے کہا کہ ملتان کے تاجروں نے جس اتحاد، شعور اور بیداری کا مظاہرہ کیا وہ خوش آئند ہے۔ ہماری سیاست خدمت، عزت اور بھائی چارے کی سیاست ہے۔ ہم نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی تاجر برادری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ملک عبدالصمد ڈوگر نے کہا کہ تاجروں کے اعتماد نے ہماری ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انشاء اللہ ہمت، جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ خدمت کا یہ سفر جاری رکھا جائے گا اور تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جاتا رہے گا۔