پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ قابل مذمت ،، حکومت عوام کو نصیحت خود میاں فصیحت پر عمل پیرا ہے: ڈاکٹر روبینہ اختر
ملتان: تحریک انصاف کی رہنما اور حلقہ این اے 148 کی امیدوار ڈاکٹر روبینہ اختر نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل اور حالیہ تاریخی اضافے نے عوام میں شدید بے چینی اور خوف پیدا کر دیا ہے جبکہ مہنگائی کے اس طوفان نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، بستی قطار پور میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر روبینہ اختر کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، شہر میں ٹریفک کی روانی تک متاثر ہو چکی ہے اور مجموعی فضا سوگوار محسوس ہوتی ہے، ہر شخص شدید پریشانی کا شکار ہے لیکن حکومتی دعوے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے،انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام کو پمفلٹ چھاپ کر پیٹرول کی بچت کی نصیحت کی جا رہی ہے جبکہ دوسری طرف حکمران خود اس پر عمل پیرا نظر نہیں آتے،انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ تیل کے جہاز آ رہے ہیں اور معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، لیکن دوسری طرف عام شہری کسی بھی ریلیف سے محروم ہے اور مہنگائی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا جو نیا طوفان آئے گا اسے کون سنبھالے گا،ڈاکٹر روبینہ اختر نے مزید کہا کہ حکومت ایک طرف عوام کو کفایت شعاری کا درس دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب سرکاری اخراجات میں کمی کے عملی اقدامات نظر نہیں آتے، کبھی گیارہ ارب روپے کا نیا جہاز خریدا جا رہا ہے تو کبھی 38 کروڑ مالیت کی نئی گاڑیاں لی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کو کسی کے گھر تعزیت کے لئےبجانا ہو تو درجنوں گاڑیوں پر مشتمل طویل پروٹوکول کے ساتھ جاتے ہیں، جو کفایت شعاری کے دعوؤں کی نفی ہے،انہوں نے تجویز پیش کی کہ اگر حکومت واقعی اخراجات کم کرنا چاہتی ہے تو ارکان اسمبلی اور وزراء کے لیے ایک یا دو الیکٹرک بسیں مخصوص کر دی جائیں تاکہ وہ سرکاری پروٹوکول کے بجائے ان بسوں میں سفر کریں، اسی طرح سرکاری گاڑیوں کے لیے پیٹرول کے کوٹے کو ختم کیا جائے تاکہ عوام کو یہ احساس ہو کہ حکومت بھی ان کے ساتھ مشکلات میں برابر کی شریک ہے،اس موقع پر اجتماع میں شریک خواتین نے مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش اور پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔








































Visit Today : 611
Visit Yesterday : 812
This Month : 2947
This Year : 50783
Total Visit : 155771
Hits Today : 3146
Total Hits : 685826
Who's Online : 7






















