گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ڈیزل قیمتوں میں اضافے کو عوام پر “ایٹم بم” قرار دے دیا
ملتان: گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ملتان اتحاد گروپ کے عہدیداران نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ بھاری اضافے کو عوام پر “ایٹم بم” گرانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے ملک بھر میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا اور اس کے اثرات براہ راست 26 کروڑ عوام تک پہنچیں گے۔صدر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ملتان اتحاد گروپ ملک اقبال، سرپرست اعلیٰ فرخ شاہ، چیئرمین رانا جاوید، جنرل سیکرٹری آفتاب احمد شیخ اور سینیئر نائب صدر خالد خان مروت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں ایک دم بڑا اضافہ معمول کی 5 یا 10 روپے کی ایڈجسٹمنٹ نہیں بلکہ ایک ایسا غیر متوقع اور ظالمانہ اقدام ہے جس نے ٹرانسپورٹ سمیت ہر شعبے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے کا بوجھ صرف ٹرانسپورٹرز پر نہیں بلکہ پورے ملک کی معیشت اور عام آدمی پر پڑے گا۔ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ ٹرانسپورٹرز اپنے اخراجات جیب سے برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب ٹرانسپورٹ کرایوں میں 50 سے 60 فیصد تک اضافہ ہوگا تو فیکٹری مالکان اور تاجر بھی اپنی مصنوعات مہنگی کریں گے، جس کا براہ راست اثر عام صارف پر پڑے گا۔عہدیداران نے مزید کہا کہ حکومت کو زمینی حقائق کا ادراک نہیں اور ایسے فیصلے بیرونی دباؤ یا پالیسیوں کے تحت کیے جا رہے ہیں، جن کا نقصان صرف عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی نمائندے خود بھی قربانی دیں، اپنی مراعات، پروٹوکول اور سرکاری سہولیات میں کمی کریں تاکہ عوام کو یہ محسوس ہو کہ حکمران بھی مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ یونینز کراچی سے خیبر تک مشاورت میں مصروف ہیں اور جلد ایک مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، جس میں ہڑتال یا کرایوں میں اضافے سمیت اہم فیصلے شامل ہو سکتے ہیں۔آخر میں رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہونے کا خدشہ ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔










































Visit Today : 608
Visit Yesterday : 812
This Month : 2944
This Year : 50780
Total Visit : 155768
Hits Today : 3090
Total Hits : 685770
Who's Online : 9






















