ملتان :  ملک بھر کی طرح قادرپورراں میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی و سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، اس سلسلے میں ڈویژنل جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی ڈاکٹر حمیدہ خانم کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کیا، تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی و صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب شازیہ عابداور ڈویژنل صدر پیپلز پارٹی شگفتہ حبیب نے خصوصی شرکت کی،تقریب میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا بھی کرائی گئی،شرکاء نے پارٹی قیادت کے ساتھ وابستگی اور شہید بھٹو کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے شازیہ عابد، ڈویژنل جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی ڈاکٹر حمیدہ خانم نے کہا کہ قادرپورراں پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ ہے اور خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ غریب اور محروم طبقات کی امید آج بھی پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت سے وابستہ ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر پیپلز پارٹی نے ملک کے وسیع تر مفاد میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا، کیونکہ پارٹی نہیں چاہتی کہ ملک کسی بھی طرح عدم استحکام کا شکار ہو، تاہم پیپلز پارٹی نے عوامی مسائل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جارہی ہے، کسانوں کے مسائل اور گندم کی قیمت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی ہے اور حالیہ دنوں میں بھی انہوں نے گندم کے کاشتکاروں کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ دیا جائے اور گندم کی مناسب امدادی قیمت مقرر کی جائے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،تقریب کی میزبان ڈاکٹر حمیدہ خانم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ خواتین کو معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے جدوجہد کی اور انہیں سیاسی اور سماجی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے، انہوں نے کہا کہ آج بھی پیپلز پارٹی کی قیادت عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کسانوں، مزدوروں اور عام آدمی کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹونے ملک کو ایک مضبوط اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے تاریخی فیصلے کیے اور پاکستان کو ایٹمی پروگرام کی بنیاد دے کر ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی سمت میں اہم کردار ادا کیا،ملک و قوم کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،تقریب کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔