ملتان :  ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر فرید شریف فاروقی نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں ناگزیر ہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد قابل تحسین ہے ۔ نجی تعلیمی ادارے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کی بدولت طلبا وطالبات کو ہر لحاظ سے ملک وقوم کا مفید شہری بنانے میں کردار ادا کررہے ہیں اور اس ضمن میں پنجاب گروپ آف کالجز پیش پیش ہے ہمیں کھیل کے میدان پر صورت آباد رکھنا ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام بوائز کیمپسز کے طلبا کے سالانہ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر اسامہ بشیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھرپور انداز میں کیا اس سے طلبہ کو نہ صرف تفریح کا موقع میسر آتا ہے بلکہ انکی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے طالب علم میں سپورٹس مین سپرٹ ہونا چاہئے۔ اس قدر شاندار اہتمام کے ساتھ سپورٹس گالا کا انعقاد پنجاب کالج کا ہی طرہ امتیاز ہے ہم نے ہمیشہ کی طرح اب کی بار بھی ملتان بورڈ کے تمام سپورٹس مقابلہ جات میں لیڈ کرنے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطالرحمن ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم ، پروفیسر سبحان شیروانی ، پروفیسر ڈاکٹر اکبر ندیم ودیگر موجود تھے ۔ اختتام پر اوور آل ونر ، رنر اپ سمیت مختلف کیٹیگریز کی فاتح چیمپئن ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا۔