ملتان(صفدربخاری سے) ملتان یونین آف جرنلسٹس کے صدر احتشام مرزا اور جنرل سیکرٹری جاوید اقبال عنبر نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان سجاد جہانیہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کے اجراء میں تاخیر اور اس حوالے سے اٹھائے جانے والے اعتراضات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ملتان یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ کو آگاہ کیا کہ ایکریڈیشن کارڈز کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر کے باعث صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان سجاد جہانیہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے کو فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز آفس کے نوٹس میں لایا جائے گا اور ایکریڈیشن کارڈز کے اجراء میں تاخیر کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔