لاہور: پنجاب میں کالجز اور یونیورسٹیز کے اوقات کار میں بڑی تبدیلی، ہفتے میں 4 روز فزیکل کلاسز کا فیصلہ
لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے لیے نئے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تمام سرکاری و نجی کالجز اور یونیورسٹیز ہفتے میں چار روز فزیکل کلاسز منعقد کریں گی جبکہ باقی دنوں میں آن لائن تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر تعلیم کے مطابق نئے فیصلے کے تحت پیر سے جمعرات تک تعلیمی اداروں میں باقاعدہ فزیکل کلاسز ہوں گی، جبکہ جمعہ کے روز کالجز اور جامعات آن لائن کلاسز لے سکیں گے۔ مزید یہ کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دنوں میں آن لائن تدریسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت ہوگی۔ رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا اطلاق پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی کالجز و یونیورسٹیز پر یکساں طور پر ہوگا، تاکہ تعلیمی نظام میں یکسانیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد جدید تقاضوں کے مطابق ہائبرڈ تعلیمی نظام کو فروغ دینا، طلبہ کو سہولت فراہم کرنا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ آن لائن کلاسز کے ذریعے نہ صرف طلبہ کو لچکدار ماحول میسر آئے گا بلکہ اساتذہ بھی بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ تدریسی عمل جاری رکھ سکیں گے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ آن لائن اور فزیکل کلاسز کے شیڈول کو مؤثر انداز میں ترتیب دیں تاکہ طلبہ کی تعلیم کسی بھی صورت متاثر نہ ہو۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق اس فیصلے سے طلبہ کو سفری مشکلات میں کمی، اخراجات میں بچت اور ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ میں مدد ملے گی، تاہم اس پر مکمل عملدرآمد کے لیے اداروں کو اپنی تکنیکی استعداد کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔









































Visit Today : 612
Visit Yesterday : 812
This Month : 2948
This Year : 50784
Total Visit : 155772
Hits Today : 3165
Total Hits : 685845
Who's Online : 7






















