ملتان (صفدربخاری سے) سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا گورنمنٹ سکولوں کے معیار بہتر کرنے کا پروگرام قابل ستائش ہے۔مریم نواز کے پنجاب میں مختلف انقلابی اقدامات اور ان کی مکمل نگرانی سے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کام کرنے کی نیت ہو تو تمام مسائل کا حل موجود ہوتا ہے۔پنجاب کی وزیراعلی کی قیادت میں مختلف سکیموں کا اجراء،زراعت، خواتین کے مسائل اور ان میں خوداعتمادی پیدا کرنا،گرین بس، ستھرا پنجاب،سہولت بازار، کلینک آن ویلز،اقلیتی کارڈ، مزدور کارڈ، جرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات، قبضہ مافیا کا خاتمہ، لیپ ٹاپ سکیم اور دیگر اقدامات پر لوگ اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔حتی کہ سیاسی مخالفین بھی ان اقدامات کی تعریف کرتے ہیں۔ ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ سرکاری سکولوں کا معیار بہتر ہونا بہت ضروری ہے۔متوسط اور غریب طبقہ کے لوگ پرائیویٹ سکولوں کی بھاری فیسز ادا نہیں کر سکتے۔اس طرح تعلیم کے میدان میں طبقاتی تفریق کم کرنے میں مدد ملیگی۔سکولوں کی طرح گورنمنٹ کالجز میں بھی معیار تعلیم کو بہتر کرنے کیلئے کام کرنا چاہیئے۔میرٹ پالیسی کی سختی سے عملدرامد پر بھی مریم نواز مستقل مزاجی سے عمل پیرا ہوں۔ اگر معاشرے میں میرٹ ہی ترجیح ہو تو بہت سارے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔طلباء میں لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ کتاب کا رحجان بھی ضرور پروان چڑھایا جانا چاہیئے۔