وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات، مہنگائی پر قابو اور عوامی ریلیف پر مشاورت
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ملکی داخلی حالات، معیشت کی موجودہ صورتحال اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اس کے ملکی معیشت پر اثرات کے حوالے سے بھی نواز شریف کو اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی حکمت عملی اور ممکنہ اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے دوران نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایسی مؤثر پالیسیاں تشکیل دیں جن کے ذریعے مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی مشکلات میں کمی اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہونی چاہیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں، جنہوں نے صوبہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



































Visit Today : 257
Visit Yesterday : 497
This Month : 1290
This Year : 65009
Total Visit : 169997
Hits Today : 2915
Total Hits : 884991
Who's Online : 5





















