ملتان :  پاکستان تحریک انصاف کی رہنما وحلقہ این اے 148 سے امیدوار ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ حکومت خود فریبی میں اس قدر آگے بڑھ چکی ہے کہ اسے عوام کی مشکلات سنائی نہیں دے رہیں، انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 27 روپے اضافہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہو گیا ہے،انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک طرف ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ان کے مطابق ایک حالیہ سروے کے مطابق مہنگائی کی شرح 13.4 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے، جس کا سب سے زیادہ بوجھ متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے،ڈاکٹر روبینہ اختر نے سوال اٹھایا کہ عام آدمی، خصوصاً متوسط طبقہ، آخر کہاں جائے؟ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران خود پسندی اور خود فریبی میں مبتلا ہیں اور انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، بلکہ وہ صرف “سب اچھا ہے” کا راگ الاپ رہے ہیں،انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کے صبر کا امتحان حد سے زیادہ نہ لیا جائے، کیونکہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوامی ردعمل شدید ہو سکتا ہے، انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ کرپشن، چور بازاری اور بے تحاشہ قرضوں سے گریز کیا جائے تاکہ ملک کو معاشی دلدل سے نکالا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بستی پنج کھوہ میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر روبینہ اختر نے خواتین کو پولیو ویکسین کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے پولیو قطرے پلوانے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔