ملتان: فراڈ کے مبینہ متاثرین نے ملزم کی گرفتاری کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ محمد شاہد، فیضان احمد، اسلام الدین، ناصر مہے، اصف راؤ، عبدالقیوم اور رحیم ملک سمیت دیگر شہریوں نے ملزم محمد شہباز صدیق کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزم نے ویزوں، زمین کے معاملات اور مختلف سرمایہ کاری سکیموں کے نام پر متعدد افراد سے لاکھوں روپے وصول کیے اور بعد ازاں فرار ہو گیا۔ متاثرین کے مطابق ملزم کے خلاف ملتان، خانیوال، لودھراں اور خیبر پختونخوا کے مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، تاہم پولیس تاحال اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ احتجاج میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم برآمد کی جائے۔ متاثرین نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے انصاف کے منتظر ہیں لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، ریجنل پولیس آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ فوری نوٹس لے کر ملزم کی گرفتاری یقینی بنائی جائے اور متاثرین کو ان کی رقوم واپس دلوائی جائیں تاکہ انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔