پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان،،ایم ڈی سید وسیم حسن کا جناح پارک کو جدید تھیم پارک بنانے کا فیصلہ
ملتان : پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ملتان میں تعینات ہونے والے ایم ڈی اے سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ انہیں پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی خدمت اور شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور وہ ان اہداف کے حصول کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔خصوصی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ جناح پارک ملتان کو ایک جدید تھیم پارک میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں ڈینو ویلی طرز پر خصوصی سیکشن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت عالمی معیار کے جھولے، فیملی رائیڈز، بچوں کے لیے تفریحی زونز اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے یہ پارک شہریوں کے لیے ایک منفرد تفریحی مقام بن جائے گا۔ اس منصوبے پر کروڑوں روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے ایڈورٹائزمنٹ ٹھیکہ دار کے ساتھ معاملات کو بہتر انداز میں حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ باہمی تعاون سے واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ ادارے کے مالی امور مزید مستحکم ہو سکیں۔ایم ڈی اے سید وسیم حسن کے مطابق تعیناتی کے وقت ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ درپیش تھا، جس پر پنجاب حکومت نے ان کی درخواست پر تھرڈ کوارٹر کے فنڈز جاری کر دیے ہیں جبکہ فورتھ کوارٹر کے لیے بھی جلد مراسلہ ارسال کیا جائے گا تاکہ ملازمین کو بروقت ادائیگیاں ممکن بنائی جا سکیں۔انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے محمد ندیم کو ڈائریکٹر ایڈمن تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ کے لیے بھی جلد نیا افسر تعینات کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گلشن مارکیٹ ملتان اور پرانا شجاع آباد روڈ ملتان پر جلد جدید ایس ایم ڈیز نصب کی جا رہی ہیں جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی بڑی ڈیجیٹل اسکرینز لگانے کا منصوبہ ہے، جس سے پی ایچ اے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔اسی طرح شاہ شمس پارک ملتان کی اپ گریڈیشن کے لیے جلد ٹینڈرز جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پارک میں عالمی معیار کی جھیل بھی تعمیر کی جائے گی تاکہ اسے ایک جدید تفریحی مرکز بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ گیٹس اور گرلز کے ٹھیکہ داروں کو بھی دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں کو تیز کیا جا سکے۔آخر میں انہوں نے پی ایچ اے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر مکمل توجہ دیں تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر ہو اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔







































Visit Today : 220
Visit Yesterday : 475
This Month : 4893
This Year : 52729
Total Visit : 157717
Hits Today : 1561
Total Hits : 702548
Who's Online : 7




















