ملتان : سول سوسائٹی فورم ملتان کے چیف کوآرڈینیٹر و سماجی رہنما شاہد محمود انصاری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سفارتکاری میں اپنی اہمیت ثابت کر دی ہے۔ حالیہ ایران اور امریکہ کے درمیان شدید کشیدگی اور ممکنہ بڑی جنگ کی صورتحال میں پاکستان نے ذمہ دارانہ اور فعال ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوری جنگ بندی کا راستہ ہموار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے “اسلام آباد معاہدہ” کی صورت میں ایک دو مرحلوں پر مشتمل منصوبہ پیش کیا، جس کے تحت فوری سیز فائر کے ساتھ آبنائے ہرمز کی بحالی اور مزید جامع مذاکرات کا اہتمام کیا گیا۔ یہ سفارتی کوششیں نہ صرف خطے کو تباہ کن جنگ سے بچانے میں کامیاب رہیں بلکہ پاکستان کو ایک قابل اعتماد ثالث کے طور پر دنیا کے سامنے اجاگر بھی کیا۔ ایران کی یہ فتح ان معصوم بچیوں کے نام ہےجنہیں ایک ذہنی پستی اور طاقت کے نشے میں مبتلا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اندھی جارحیت نے بمباری کی اور وہ معصوم و بیگناہ بچے و بچیاں شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوئے۔ ذرائع ابلاغ کو جاری اپنے ایک خصوصی بیان میں شاہد محمود انصاری نے کہا کہ الحمداللہ ! آج دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ بھارت و اسرائیل میں کہرام برپا ہے۔ محب وطن پاکستانی سرشار ہیں۔ یہ امن کی فتح ہے۔ ہم پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتے اللہ نے ہماری قیادت سے کتنا بڑا کام لیا ہے۔۔پاکستان نے اس صیہونی سازش کو ناکام بنایا جو ہمارے مسلمان ممالک کو آپس میں لڑانے اور مسلم ممالک کو تباہ و برباد کرنے کے لیے شروع ہوئی۔ پاکستان کی یہ کوششیں امن و استحکام کی عالمی کوششوں کی بہترین مثال ہیں۔ جب امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست رابطے منقطع تھے، تب پاکستان نے دونوں فریقین کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے رات دن کی محنت سے معاہدے تک پہنچایا۔ اس کردار سے نہ صرف علاقائی معیشت اور عالمی توانائی کی فراہمی متاثر ہونے سے بچی بلکہ پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ تنازعات کے حل کا پرامن مرکز بن سکتا ہے۔ قوم اس سفارتی کامیابی پر فخر کر سکتی ہے، جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بالغانہ سوچ اور ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن کا سفیر بنائے رکھے