ایران۔امریکہ جنگ بندی، عالمی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت قرار
ملتان : چیئرمین عمران محمود شیخ اور پیٹرن اِن چیف، سید محمد عاصم شاہ
(آل پاکستان بیڈشیٹس اینڈ اپہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن – APBUMA) کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کیا جاتا ہے، جو خطے اور عالمی امن کے لیے ایک نہایت مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان، فیلڈ مارشل اور نائب وزیرِ اعظم کی مدبرانہ قیادت اور مؤثر سفارتکاری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کے کھلنے سے عالمی معیشت کو درپیش دباؤ میں کمی آئے گی، تیل کی ترسیل میں بہتری ہوگی اور عالمی منڈیوں میں استحکام پیدا ہوگا، جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے اثرات کو فوری طور پر پاکستان کی معیشت تک منتقل کیا جائے تاکہ صنعت و تجارت کو ریلیف ملے اور معیشت کا پہیہ تیزی سے گردش کر سکے۔ مزید کہا کہ انشاء اللہ اگر اس معاہدے کے نتیجے میں ایران پر عائد پابندیاں نرم یا ختم ہوتی ہیں تو پاکستان کوخصوصاً ایران-پاکستان گیس پائپ لائن کی بحالی سے بڑا فائدہ حاصل ہوگا،۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان مہنگی RLNG قطر سے درآمد کر رہا ہے جس پر سی فریٹ کی اضافی لاگت بھی برداشت کرنا پڑتی ہے، جبکہ ایران سے سستی گیس کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے مقامی صنعت کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے اور برآمدات بڑھانے کا ایک نادر موقع میسر آئے گا۔انہوں نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ ایران-پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کو جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے۔انہوں نے اس امر پریقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی متحرک اور دور اندیش قیادت کے تحت خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی برادری میں ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔








































Visit Today : 392
Visit Yesterday : 585
This Month : 4590
This Year : 52426
Total Visit : 157414
Hits Today : 2041
Total Hits : 700048
Who's Online : 11




















