ملتان(صفدربخاری سے) چلڈرن ہسپتال ملتان میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی کے زیر نگرانی جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) اور چلڈرن کمپلیکس ملتان کے مابین“کنسلٹنٹ سائننگ سیریمنی”کے حوالے سے اس پروجیکٹ ”جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کی سہولیات میں بہتری” کے حوالے سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے نیو بلڈنگ کے منصوبے پر باضابطہ دستخط کیے گئے۔ تقریب میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان بطور مہمانِ خصوصی تشریف لائے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوئے۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کامران سمیت سینئر فیکلٹی بلخصوص پروفیسر وقاص عمران، پروفیسر سہیل ارشد و دیگر ڈاکٹرز اور نرسز بھی اس تقریب کے موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر ڈین چلڈرن ہسپتال ملتان پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی کا کہنا تھا کہ ہم آج اس اہم منصوبے کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود کے بے حد مشکور ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے چلڈرن ہسپتال میں نئے ٹاور کی تعمیر سے نہ صرف ملتان بلکہ ساؤتھ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور دور دراز علاقوں سے آنے والے بچے اچھے علاج سے مستفید ہوں گے بلکہ یہ ایک بڑی نعمت ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خان کے بھی شکر گزار ہیں جن کی کاوشوں سے یہ منصوبہ اس اہم مرحلے تک پہنچا۔جائیکا ٹیم کی جانب سے جاپانی کنسلٹنٹ ٹیم، جس میں مسٹر ترادایوشی تسوموتو (ٹیم لیڈر)، مسٹر کوہی نیشیکاوا اور مسٹر منورو یاماشیتا نے تقریب میں شرکت کی۔اس منصوبے کے تحت ”جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے چلڈرن کمپلیکس ملتان میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے گئے اور کمیشنر ملتان، نے ڈین پروفیسر کاشف چشتی، ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق، اور جائیکا ٹیم کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔