ملتان: پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کے صدر رانا محمد اصغر نے عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ کرایوں کی چیکنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز ہمیشہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں مسافروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے، اس کے باوجود ٹرانسپورٹرز اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ناجائز اوورچارجنگ کی حمایت نہیں کرتی اور تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری کرایہ ناموں کی پابندی کریں۔ صدر فیڈریشن نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ چیکنگ کے عمل میں ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرنے کے بجائے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ عوام کو عید کے موقع پر محفوظ اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔