ملتان: نواں شہر چوک پر ایپکا پاکستان اور اگیگا پاکستان کی قیادت میں سرکاری ملازمین کا بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جس میں ملتان ڈویژن کے گریڈ ایک سے سترہ تک کے ملازمین اور مختلف محکموں کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ ڈی جی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ، خانیوال، فیصل آباد، لاہور، سرگودھا اور دیگر شہروں سے بھی ملازمین شریک ہوئے۔ جلسے کی قیادت چیف ایگزیکٹو ایپکا پاکستان رانا محمد اقبال نون نے کی جبکہ مہمانان خصوصی چیف رابطہ کار اگیگا پاکستان رحمان علی باجوہ اور میڈم رخسانہ انور تھیں۔ صدارت جنرل سیکرٹری ایپکا ملتان ڈویژن کریم نواز خان نے کی۔ مقررین نے حکومت پنجاب سے رول 17-اے کی بحالی، رخصت کی نقد ادائیگی کی بحالی، پنشن اصلاحات کے قانون کے خاتمے، تیس فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس اور گروپ انشورنس کی رقم ریٹائرمنٹ کے وقت ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔