ملتان ( صفدربخاری سے)محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان نے تحقیقاتی فارم جلال پور پیر والا میں ایڈی کوویریئنس فلیکس ٹاور کی تنصیب اور افتتاح کے ساتھ ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ کی قیادت میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر فارم، ڈین آل فیکلٹیز، فیکلٹی اور سٹاف کی بڑی تعداد نے شمولیت کی۔ یونیورسٹی بھر سے فیکلٹی اراکین کی موجودگی نے اس انقلابی منصوبے کے لیے ادارتی تعاون کو واضح کیا۔ ڈاکٹر محمد سیف اللہ نے ایڈی کوویریئنس فلیکس ٹاور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ٹاور کاربن فلکس، بخارات اور پودوں سے پانی کے اخراج (ایواپوٹرانسپیریشن) سمیت دیگر اہم ماحولیاتی پیرامیٹرز کی پیمائش میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ منصوبہ، جو فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے زیرِ اہتمام گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف) کی مالی معاونت سے مکمل ہوا ہے اس کا مقصد موسمیاتی الرٹ، جدید زرعی طریقوں کو فروغ اور آبپاشی کے لئے پانی کے استعمال کو بہتر بنانا ہے۔ تقریب میں شرکاء نے ڈاکٹر محمد سیف اللہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے زراعت میں تحقیق اور جدت کے لیے ان کی لگن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل انجینئرنگ کے معروف محققین اور ماہرین ڈاکٹر عمیر سلطان، ڈاکٹر محمد محسن خان، ڈاکٹر محمد عابد، انجینئر ثاقب یاسین اور انجینئر عمر فاروق شامل بھی موجود رہے۔ اس کے علاوہ، ایف اے او منصوبے کے تحت اسسٹنٹ واٹر ایکسپرٹ سٹوڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دینے والے محمد غضنفر نے بھی تقریب میں حصہ لیا۔ یہ اقدام یونیورسٹی کے موسمیاتی تبدیلی اور اور اس کے زیر اثر سرکردہ عوامل کا زراعت میں کردار کے حوالے سے تحقیق میں دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔