ملتان(صفدربخاری سے) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے شعبہ تعلقات عامہ اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان کی ایک مشترکہ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی میں جاری مختلف تحقیقاتی پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور ٹیم ورک کے نتیجے ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والی ڈیویلپمنٹ اور اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے اس حوالے سے مفصل بریفنگ دی اور صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے اور بتایا کہ جلالپور پیر والا یونیورسٹی تحقیقاتی فارم میں ایک لاکھ سے زیادہ پودے لگائے جا چکے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں 10 ہزار مزید پودے لگائے جائیں گے۔ یونیورسٹی اپنی آٹھویں بس کی خریداری پر کام مکمل کر چکی ہے ۔ جبکہ مختلف پروجیکٹس کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اپنے متعین کردہ اہداف کے حصول کے طرف گامزن ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل کو بروے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ میٹنگ کے اختتام پر وائس چانسلر نے صحافیوں کے ہمراہ یونیورسٹی کے مختلف پروجیکٹس جینوم سینٹر، گرلز ہاسٹل اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیراتی سائٹس کا دورہ بھی کیا ۔ تحقیقاتی فارم اور ہائیڈرو پونک یونٹ کا دورہ کیا جہاں صحافیوں کو ماڈرن فارمنگ کے متعلق آگہی دی گئی۔ دورے کے اختتام پر صحافیوں نے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی ادارے کے لیے خدمات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وائس چانسلر نے پچھلی ایک دہائی سے زیادہ عرصہ میں ہونی والی کامیابیوں کو اجاگر کرنے پر میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔