ملتان: آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کےصدر،چیئرمین انجمن تاجران جنرل بس اسٹینڈ رانا محمد اصغر کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز جنوبی پنجاب کا نائب صدر نامزد کر دیا گیا۔ یہ نامزدگی آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ محمد شفیق کی جانب سے عمل میں لائی گئی، جس پر تاجر برادری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ رانا محمد اصغر ایک متحرک، مخلص اور عوامی مسائل کو سمجھنے والے رہنما ہیں، جنہوں نے ہمیشہ تاجر برادری کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں ایسی قیادت کی اشد ضرورت ہے جو نہ صرف تاجروں کے مسائل کو اجاگر کرے بلکہ ان کے حل کے لیے مؤثر کردار بھی ادا کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رانا محمد اصغر اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھاتے ہوئے تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں گے۔اس موقع پر رانا محمد اصغر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر برادری کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن میں مہنگائی، ٹیکسوں کا بڑھتا ہوا بوجھ، کاروباری عدم استحکام اور سہولیات کی کمی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح تاجروں کے مسائل کو حل کروانا، کاروباری طبقے کو ریلیف دلانا اور ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا جس میں تجارت ترقی کر سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ تاجر تنظیم کو مزید فعال، مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے اور ہر فورم پر تاجروں کی آواز بن کر ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ انسان کی پہچان اس کے کام سے ہوتی ہے، اور ہم اپنی کارکردگی سے ثابت کریں گے کہ تاجر برادری کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کو فروغ دیں گے جن سے نہ صرف تاجروں کے مسائل کم ہوں بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو، تاکہ معیشت مستحکم ہو اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔