ملتان:  چیمبر آف سمال ٹریڈرز جنوبی پنجاب کا سالانہ اجلاسِ عام وہاڑی روڈ کے مقامی کلب میں منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب بھر سے تاجر نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت صدر جنوبی پنجاب چوہدری طارق کریم نے کی جبکہ چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران و سرپرستِ اعلیٰ جنوبی پنجاب تنظیم خواجہ محمد شفیق مہمانِ خصوصی تھے۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب شیخ عامر سلیم نے سرانجام دیے۔اجلاس میں تاجر رہنماؤں نے مختلف حکومتی اداروں کی مبینہ چیرہ دستیوں، پیرا فورس،سی سی ڈی،سی ٹی ڈی سمیت پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور دیگر محکموں کی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تاجروں کو بلاجواز ہراساں کیا جا رہا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ اجلاس میں خواجہ محمد شفیق کی تاجر برادری کے لیے طویل اور بے لوث جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیااور مئی26ء سے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں تاجر کنونشنز منعقدکرانے کے اعلانات بھی کئے گئے۔ اس موقع پر ممتاز آباد گول پلاٹ کے تاجر رہنما شیخ زاکر نے ازراہِ محبت اپنی آنکھیں خواجہ محمد شفیق کی بصارت کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا جس پر شرکاء نے ان کے جذبے کو سراہا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ تاجر برادری کی اجتماعی جدوجہد کمزور پڑ چکی ہے جبکہ پاکستان کی سطح پر کنونشنز اور منظم اجلاسوں کا سلسلہ بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تاجروں نے اپنے حقوق کے لیے بھرپور تحریکیں چلائیں اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر متحد ہوں، میرٹ کو فروغ دیں اور اپنے حقوق کے لیے فرنٹ فٹ پر آ کر جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ نئے محکموں کے قیام سے تاجروں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت کو تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ امن اور استحکام سے ہی کاروبار اور معیشت مضبوط ہو سکتی ہے۔صدر جنوبی پنجاب چوہدری طارق کریم نے کہا کہ تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت سے بات چیت کی جائے گی اور تمام اضلاع کے نمائندوں کو ساتھ لے کر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا تاکہ ایک پلیٹ فارم سے موثر آواز بلند کی جا سکے۔صدر لودھراں ملک اصغر ارائیں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجروں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے اور انہیں منظم ہو کر آواز اٹھانی چاہیے۔ صدر ڈیرہ غازی خان شیخ نقیب نے کہا کہ آنے والے وقت میں چیلنجز مزید بڑھ سکتے ہیں اس لیے اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر ملتان ظفر اقبال صدیقی نے کہا کہ تاجروں کو عملی میدان میں متحرک ہو کر قانون سازی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی جبکہ پی او ایس مشینوں اور ٹیکس معاملات میں آگاہی بھی ضروری ہے۔صدر مظفرگڑھ سید امیر حسن،وہاڑی کے صدر ارشاد حسین بھٹی،انجمن تاجران رحیم یار خان کے صدر عاطف غفار انجمن تاجران لودھراں کے صدر ملک اصغر ارائیں اور انجمن تاجران ضلع خانیوال کے صدر شیخ اکمل کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بالترتیب مئی 2026ء سے ہر ماہ ان اضلاع میں بھرپور کنونشن منعقد کئے جانے کا اعلان کیا، صدر بہاولپور سید عامر شہزاداور کوٹ ادو کے صدر شیخ عثمان،کہروڑ پکا کے صدر خواجہ عبید الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے حکومتی اداروں کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا اور جنوبی پنجاب کے تاجروں کو مزید منظم کرنے پر زور دیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز جنوبی پنجاب کے پلیٹ فارم سے تاجروں کے مسائل کے حل، باہمی تعاون کے فروغ اور مشترکہ جدوجہد کو مزید موثر بنایا جائے۔اجلاس میں احتشام الحق،عزیز الرحمن انصاری،حاجی اصغر اکبر،عاطف ریحان،رانا اصغر،میاں ظفر اقبال،حافظ عابد محمود،ممتاز علی بابر،شیخ محمد ایوب،جام اکبر حسین،شیخ منیر احمد،طارق اسمعیل،میاں فریدقریشی،شیخ غلام مرتضی،خواجہ شفیق الرحمن،خالد خان مہمند،میاں سرفراز احمد شیخ،شیخ عبدالندیم،شہوار حسین،محمد علی،مہر محمد شاکر،قمر زمان خان وزیر،اخترعباسی،مہران قریشی،شاہد شکور،عاشق بلوچ،سیف اللہ شیخ،سعید اللہ شیخ،چوہدری محمد یوسف انصاری،شیخ عاصم اعجاز،ملک طیب ارائیں، شیخ سہیل اختر،شیخ محمد طاہر،زاہد محمود صدیقی دیگر تاجر نمائندوں نے شرکت کی۔