ملتان:  ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہا ہے کہ سابقہ طلبہ ادارے کی پہچان ہیں ماضی سے لے کر آج تک طلباء وطالبات نے نہ صرف تعلیم حاصل کی بلکہ خوابوں کی تعبیر کی اور انکو حقیقت میں تبدیل کیا پنجاب کالج صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک احساس ہے ایک پہچان ہے ایلومنائی کا اکٹھ ثابت کررہا ہے کہ پنجاب کالج ایک بہترین روایات کا امین خاندان ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب گروپ آف کالجز کے سالانہ ایلومنائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کالج کی راہداریوں سے ایسے افراد نے نشوونما پائی ہے جو دنیا کی تاریخ لکھتے ہیں کیونکہ یہاں سے نسل نو کو اعتماد دیا جاتا ہے انکی نوک پلک کو سنوارا جاتا ہے اور تعمیر کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سہیل اور پروفیسر نازیہ فیض اور دیگر طلباء و طالبات نے خطاب کیا اور ٹیبلوز پیش کیے جبکہ سابقہ طلباء وطالبات نے اپنی یادوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ پنجاب کالج ایک ایسی تعلیمی درس گاہ ہے جہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بے شمار طلباء و طالبات ترقی یافتہ ممالک اور پاکستان میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہے ہیں اس موقع پر یادگاری تحائف بھی تقسیم کیئے گئے. تقریب میں پرنسپل پروفیسر سبحان خان شیروانی، پروفیسر صائمہ فیاض، پروفیسر نورین کے علاوہ دیگر اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔