ملتان: آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کے صدر رانا محمد اصغر نے کہا ہے کہ ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا کردار نہایت اہم اور ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت یا دباؤ کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر بھی فعال کردار ادا کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں پائیدار امن کے لیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹرانسپورٹ برادری سمیت پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔