رمضان المبارک مکمل تربیتی مہینہ ہے، عملی زندگی میں اس کے پیغام کو اپنانا ضروری ہے: خواجہ شفیق اللہ صدیقی
ملتان : متحدہ میلاد کونسل کے چیئرمین خواجہ پیر شفیق اللہ صدیقی البدری نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک محض عبادات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مکمل تربیتی مہینہ ہے جو ہمیں اپنی زندگیوں کو سنوارنے کا عملی درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے حقیقی پیغام کو سمجھ کر اس پر پورا سال عمل پیرا رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ماہِ رمضان ہمیں خود احتسابی، صبر و برداشت، ایثار اور دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ روزہ انسان میں تقویٰ، برداشت اور دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے، جو ایک فلاحی اور مثالی معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ خواجہ پیر شفیق اللہ صدیقی البدری نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں ہمیں مستحق اور نادار افراد کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور اپنی استطاعت کے مطابق ان کی مدد کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک میں بڑھ چڑھ کر فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور ضرورت مندوں کی مدد کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ رمضان المبارک میں حاصل ہونے والی نیکیوں، عبادات اور اخلاقی تربیت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ معاشرے میں محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے اور اس کے پیغام پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔





































Visit Today : 571
Visit Yesterday : 475
This Month : 5244
This Year : 53080
Total Visit : 158068
Hits Today : 6870
Total Hits : 707857
Who's Online : 5




















