ملتان :  درگاہ عالیہ حضرت سخی نوابؒ کی جامع مسجد میں رمضان المبارک کی 27 ویں شب تراویح کے دوران روح پرور محفل میں قرآن مجید کا بابرکت ختم کیا گیا، اس موقع پردرگاہ عالیہ حضرت سخی نواب کے سجادہ نشین مخدوم سید محمد زوہیب گیلانی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید انسانیت کے لیے ہدایت، رہنمائی اور نجات کا مکمل ضابطہ حیات ہے، ماہِ رمضان المبارک قرآنِ مجید سے خصوصی تعلق مضبوط کرنے کا مہینہ ہے اور اس مقدس مہینے میں قرآن کی تلاوت، اس کے مفہوم کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا مسلمانوں کی زندگیوں میں روحانی انقلاب برپا کر سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم قرآن کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کریں تو معاشرے میں محبت، رواداری، اخوت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے، مخدوم سید محمد زوہیب گیلانی نے مزید کہا کہ تراویح اور ختمِ قرآن کی بابرکت محافل ایمان کو تازگی بخشتی ہیں اور مسلمانوں کے دلوں کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرتی ہیں، انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ہمیں قرآن مجید کی تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے، محفل کے اختتام پر انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمِ اسلام میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی ، اس روحانی محفل میں عقیدت مندوںاور نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔