ملتان: روٹری کلب ملتان مڈٹاؤن کے صدر ملک محمد امجد نے کہا ہے کہ عید سعید کی خوشیوں میں مستحق اور نادار افراد کو شامل کرنا ہماری سماجی ذمہ داری ہے رمضان المبارک ہمدردی، ایثار اور خدمتِ خلق کا مہینہ ہے اور روٹری کلب اس بابرکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک امداد پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے روٹری کلب ملتان مڈٹاؤن کی جانب سے عید کے پُرمسرت کی آمد حوالے سے جھگیوں میں رہائش پذیر بچوں اور خواتین میں عیدی، گفٹس اور کھانا تقسیم کر نے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر کوآرڈینیٹر ساؤتھ زون روٹری انٹرنیشنل سلیم ناصر اور کلب منصوبہ جات کی ڈائریکٹر سیدہ عروج فاطمہ نے کہا کہ روٹری کلب ہمیشہ معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت کے لیے سرگرم عمل رہا ہے اور آئندہ بھی فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے دوران بچوں اور خواتین میں عیدی اور تحائف تقسیم کیے گئے جس سے ان کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔اُنھوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی فلاحی سرگرمیاں معاشرے میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیتی ہیں۔