ملتان:  انزل بیگم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام این اے 151 کے سیلاب متاثرہ خاندانوں میں روزگار کی فراہمی اور بحالی کے لیے چنگ چی رکشوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے اراکینِ قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی اور علی قاسم گیلانی جبکہ رکن صوبائی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی انور ابرو،خواجہ رضوان عالم،سجاد کجر،مہر ارشاد سیال،مہر اظہر چاون،ایڈی بلوچ،نسیم لابرودیگرنے شرکت کی۔ اس موقع پر مستحق خاندانوں میں چنگ چی رکشے تقسیم کیے گئے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے اہل خانہ کی کفالت بہتر انداز میں کر سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انزل بیگم فاؤنڈیشن کی جانب سے چنگ چی رکشوں کی فراہمی ایک عملی اور دیرپا اقدام ہے جس سے متاثرہ افراد کو مستقل آمدن کا ذریعہ میسر آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا اور مشکل کی ہر گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ایم این اے علی قاسم گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی مدد کرنا انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشوں کی تقسیم سے نہ صرف متاثرین کو معاشی سہارا ملے گا بلکہ وہ خود کفیل بن کر معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات معاشرتی استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور فلاحی ادارے مل کر عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے مستحقین کو یقین دلایا کہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب کے اختتام پر مستحقین نے انزل بیگم فاؤنڈیشن اور مہمانانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔