ملتان:  معروف سماجی رہنما، چیئرمین ایبکا ایکسائز پنجاب ،چیئرمین کل ملتان تنظیمی اتحاد و چیئرمین سول سوسائٹی فورم ملتان خانزادہ ایم احسان خان سدوزئی نے کہا ہے کہ عوام کا معیار زندگی بلند کئے بغیر ایک حقیقی فلاحی معاشرے کا قیام ممکن نہیں، قومی یک جہتی کا تقاضا ہے کہ خطے کے عوام کو ان کے سلب شدہ حقوق واپس دئیے جائیں اور انہیں زندگی کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں،انہوں نے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کے غیور وکلاء نے ہمیشہ انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد کی ہے، اس لئے ضروری ہے کہ انہیں بھی وہی سہولتیں مہیا کی جائیں جو اپر پنجاب کے وکلاء کو حاصل ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی تنظیم کی جانب سے ملتان ہائی کورٹ بار کے نو منتخب صدر چوہدری عمر حیات ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور جنرل سیکرٹری فیاض حسین خان لغاری ایڈوکیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے گلدستے پیش کرنے کی تقریب کے دوران کیا، اس موقع پر معروف قانون دان و اینکر پرسن عزیز احمد خان ایڈوکیٹ اور جمال خان چیف عزیز نگر میڈیا گروپ بھی ان کے ہمراہ تھے،خانزادہ ایم احسان خان سدوزئی نے مزید کہا کہ یہ کامیابی دراصل وکلاء برادری اور خطے کے عوام کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے،انہوں نے اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور گروپ لیڈر سینیئر قانون دان مرزا عزیز اکبر بیگ ایڈوکیٹ کو بھی خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کے حمایت یافتہ گروپ نے ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے وکلاء برادری کے اعتماد کو ثابت کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مرزا عزیز اکبر بیگ گروپ ماضی کی طرح اس بار بھی نمایاں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے، ہائی کورٹ بار کے انتخابات میں چوہدری عمر حیات اور فیاض حسین لغاری کی کامیابی کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات میں بھی اسی گروپ کی حمایت یافتہ صدارتی امیدوار بشریٰ نقوی کی کامیابی پورے گروپ کی اجتماعی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کے وکلاء ہمیشہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لیے صفِ اول میں رہے ہیں، اس لیے انہیں وہی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں جو ملک کے دیگر حصوں میں وکلاء کو حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا معیارِ زندگی بلند کیے بغیر ایک حقیقی فلاحی معاشرے کا قیام ممکن نہیں، لہٰذا خطے کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف پر فخر ہے، خصوصاً نواب مظفر خان سدوزئی شہید جیسے عظیم کردار پر جنہوں نے ملتان کے عوام اور اسلامی روایات کے تحفظ کے لئے جامِ شہادت نوش کیا،انہوں نے کہا کہ نواب مظفر خان سدوزئی شہید آج بھی حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے احاطے میں آسودہ خاک ہیں اور ان کی قربانی ہمیں اپنے خطے کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کا حوصلہ دیتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم ملتان اور وسیب کے عوام کے لئے ایسی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں کسی قسم کی لسانی یا علاقائی تفریق نہ ہو اور یہاں بسنے والے تمام افراد کو بلا امتیاز زندگی کی سہولتیں میسر ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کی تہذیب، ثقافت، فنونِ لطیفہ، ادب، شاعری اور روحانی روایات کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے دستاویزی فلمیں بنانے کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے،اس مقصد کے لیے جمال خان اور ان کے ادارے عروج فلم ریکارڈ کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ خطے کی قدیم ثقافت اور روحانی ورثے کو محفوظ کیا جا سکے،انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ملتان میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں شہر کی ممتاز شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دیئے جائیں گے،اس موقع پر سینیئر ایڈوکیٹ عزیز احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بلا امتیاز عوامی جدوجہد کو آگے بڑھایا ہے، انہوں نے کہا کہ ان کی پچاس سالہ پیشہ ورانہ زندگی اس بات کی گواہ ہے کہ ان کا مقصد عہدہ یا ذاتی مفاد نہیں بلکہ عوام کو انصاف اور مساوی سہولتیں فراہم کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک معاشرے میں امتیازات کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، حقیقی فلاحی معاشرے کا قیام ممکن نہیں،انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کے لیے عزت و وقار کے ساتھ ایک ایسا ماحول پیدا کیا جائے گا جو آسائشوں سے بھرپور ہو، جنوبی پنجاب کے تمام وکلاء ہمارے لیے احترام اور عزت کے قابل ہیں اور ہم دل سے ان کی قدر کرتے ہیں، ہمارے دروازے تمام وکلاء کے لیے کھلے ہیں اور ہم وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کریں گے، وکلاء کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی محرومیوں کے ازالے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔نو منتخب صدر چوہدری عمر حیات ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور جنرل سیکرٹری فیاض حسین لغاری ایڈوکیٹ نے اس موقع پررہنماؤںکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کالے کوٹ کا تقدس ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اسے ہر حال میں برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے جس اعتماد کے ساتھ ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا ہے ہم اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کامیابی دراصل وکلاء برادری کی کامیابی ہے اور ہم انصاف کی فراہمی، وکلاء کے حقوق کے تحفظ اور بار کے وقار کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے،اس موقع پرایم احسان خان سدوزئی اور دیگر رہنماؤں نے نو منتخب قیادت کو گلدستے پیش کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔