ملتان:متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان کی زیر اہتمام ضلع کچہری ملتان چیمبر ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ وسیم ممتاز نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں یومِ شہادتِ حضرت علیؑ نہایت اہم اور دردناک دن کی حیثیت رکھتا ہے، حضرت علیؑ وہ عظیم شخصیت ہیں جن کی زندگی اسلام کی سربلندی،عدل و انصاف اور اتحادِ امت کے لیے وقف رہی،آپ رضی اللہ عنہ کی شہادت نہ صرف ایک عظیم رہنما کی جدائی تھی بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا سانحہ بھی تھا،جس نے مسلمانوں کو یہ سبق دیا کہ اختلافات اور انتشار سے امت کمزور ہو جاتی ہے۔ایگزیکٹو ممبران ایڈووکیٹ اللہ دتہ کاشف بوسن،ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری،ایڈووکیٹ عظیم الحق پیرزادہ،حافظ ظفر قریشی اور محمد اشرف قریشی نے کہا کہ یومِ شہادتِ حضرت علیؑ ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ اسلام کا اصل پیغام اتحاد، محبت اور بھائی چارہ ہے۔ بدقسمتی سے آج امتِ مسلمہ فرقہ واریت، تعصب اور باہمی اختلافات کا شکار ہے، ایسے حالات میں حضرت علیؑ کی تعلیمات اور طرزِ حکمرانی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ آپؑ ہمیشہ امت کے اتحاد اور مسلمانوں کے درمیان اخوت کے داعی رہے۔محمد امتیاز بھٹی،ایڈووکیٹ جاوید اقبال اویسی،دلشاد اسد بھٹی،رضوان الطاف،ایڈووکیٹ سید زبیر حسن بخاری،سید شبیر حسن بخاری،حق نواز، جعفرشاہ،ساجد نواز،قیصر شہباز اور سید محمد طاہر شاہ نے کہا کہ مسلم امہ اگر مولا علی کرم اللہ وجہہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر آگے بڑھے تو تمام تر مسائل اور پریشانیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی بدقسمتی یہ ہے کہ انہوں نے احکامات الہیہ کو بھلا کر اغیار کی راہ اختیار کرلی ہے جس کی وجہ سے تنزلی کی راہ پر گامزن ہیں۔