لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے کی جنگی صورتحال اور ممکنہ پیٹرولیم بحران کے پیش نظر صوبے میں ہنگامی اقدامات کا اعلان کر دیا۔ پیٹرولیم بحران ختم ہونے تک صوبائی وزراء کو سرکاری فیول کی فراہمی بند جبکہ سرکاری افسران کے پٹرول و ڈیزل الاؤنس میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت نے سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کرنے اور تعلیمی اداروں کو 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور آن لائن کلاسز کی اجازت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں بنانے، ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی سخت نگرانی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ انہوں نے عوام سے غیر ضروری خریداری اور تقریبات سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔