ملتان : چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے بزرگ تاجر رہنما اور چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس موقع پر خواجہ محمد شفیق سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ اور اخوت فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم ان کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔انہوں نے خواجہ محمد شفیق کی تاجر برادری کے لیے گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ محمد شفیق تاجر برادری کے لیے ایک ادارے اور یونیورسٹی کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کی رہنمائی اور تجربات سے تاجر طبقہ طویل عرصے سے مستفید ہو رہا ہے۔اس موقع پر معروف صنعتکار چوہدری ذوالفقار علی انجم نے بھی مرحومہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا جبکہ خواجہ محمد شفیق اور چوہدری ذوالفقار علی انجم نے اخوت فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر امجد ثاقب کی سماجی و فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوران صنعتکار شیخ محمد عارف نے اخوت فاؤنڈیشن کے فلاحی مشن کو سراہتے ہوئے ادارے کے لیے 2.5 ملین روپے عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا جس پر ڈاکٹر امجد ثاقب نے ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خواجہ محمد شفیق کے صاحبزادگان خواجہ عمار یاسر اور خواجہ احمد نبیل، تاجر رہنما ظفر اقبال صدیقی، احتشام الحق، ملک اختر حسین، ابوبکر صدیق چیف کوآرڈینیٹر اخوت فاؤنڈیشن، کرنل (ر) مونم چیف سکیورٹی ہیڈ، احمد نواز چاون، خضر حیات، شکیل احمد اور محمد ثقلین بھی موجود تھے۔