ملتان میں خواتین کے لیے سولر انرجی ووکیشنل ٹریننگ پروگرام مکمل، 70 خواتین میں سرٹیفکیٹس اور سولر کٹس تقسیم
ملتان( )سوشل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (SDO) کے زیر اہتمام اور جرمنی کی فلاحی تنظیم Muslimehelfen کے تعاون سے خواتین کے لیے دو ماہ پر مشتمل سولر انرجی ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کامیابی سے مکمل ہو گیا۔یہ تربیتی پروگرام 05 جنوری 2026 سے 07 مارچ 2026 تک جاری رہا جس میں 70 خواتین نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کا مقصد خواتین کو سولر انرجی کی بنیادی تربیت فراہم کرنا، انہیں بااختیار بنانا اور گھریلو سطح پر توانائی کے مسائل کا حل سکھانا تھا۔ تربیت کے دوران خواتین کو سولر سسٹم کی بنیادی معلومات، اس کی تنصیب اور استعمال کے بارے میں عملی تربیت بھی دی گئی۔پروگرام کی تکمیل پر 07 مارچ 2026 کو سوشل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے دفتر میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں تربیت مکمل کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس اور سولر کٹس تقسیم کی گئیں۔تقریب میں آصف شہزاد (بزنس ٹرینر اینڈ کوچ)، سید عظمت شمسی (بینکر) اور خرم شہزاد (ڈنمارک) بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مہمانوں نے خواتین کو جدید ہنر سیکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔اس موقع پر صدر سوشل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن ملک ریاض کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنانا معاشرے کی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر انرجی کی تربیت کے ذریعے خواتین نہ صرف اپنے گھروں میں بجلی کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکیں گی بلکہ مستقبل میں اسے روزگار کے ایک ذریعہ کے طور پر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن آئندہ بھی خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید ہنر فراہم کرنے کے لیے ایسے تربیتی پروگرام جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والی 70 خواتین میں سرٹیفکیٹس اور سولر کٹس تقسیم کی گئیں جبکہ شرکاء نے اس پروگرام کو خواتین کی معاشی خودمختاری اور ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔





































Visit Today : 79
Visit Yesterday : 577
This Month : 5329
This Year : 53165
Total Visit : 158153
Hits Today : 506
Total Hits : 708505
Who's Online : 10




















