پیٹرول قیمتوں میں اضافہ ،، عوام سے عید کی خوشیاں چھین لیں، 28 فیصد غربت کے شکار ملک پر شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا : ڈاکٹر روبینہ اختر
ملتان : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور حلقہ این اے 148 کی امیدوار ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اچانک 55 روپے فی لیٹر اضافہ عوام کے ساتھ سنگین مذاق اور ظلم کے مترادف ہے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جب عوام عید کی خریداری کی تیاری کر رہے تھے تو حکومت نے پیٹرول بم گرا کر ان کی خوشیوں کو ماند کرنے کی کوشش کی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بستی گجر، این اے 148 میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق پہلے ہی ملک میں غربت کی شرح تقریباً 28 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ پاکستانی قوم پر مجموعی طور پر 143 ارب ڈالر کا قرض ہے، اس طرح ہر پاکستانی شہری اوسطاً تقریباً تین لاکھ روپے کا مقروض ہو چکا ہے،انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی شاہ خرچیوں میں کمی لانے کے بجائے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہا ہے، چاہے وزیراعلیٰ کے مہنگے طیارے ہوں یا وزراءپر نوازشات، حکمرانوں کے اخراجات میں کوئی کمی نہیں کی گئی، جبکہ سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا گیا ہے، ڈاکٹر روبینہ اختر کا کہنا تھا کہ حکومت خود دعویٰ کر رہی ہے کہ ملک میں پیٹرول کا وافر ذخیرہ موجود ہے، تو پھر قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ کیوں کیا گیا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عید کے موقع پر اپنی جیبیں بھرنے کے لیے عوام کی جیبیں خالی کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں اور پاکستان کو دشمنوں سے محفوظ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم عوام کا یہ بھی حق ہے کہ انہیں ریلیف فراہم کیا جائے، انہوں نے حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ حد درجہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور حکمران اپنے غیر ضروری اخراجات میں کمی کریں، بصورت دیگر حکومت کو عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔





































Visit Today : 79
Visit Yesterday : 577
This Month : 5329
This Year : 53165
Total Visit : 158153
Hits Today : 500
Total Hits : 708500
Who's Online : 10




















