ملتان:  امید روشنی فورم و گلبل فورم پاکستان کے زیر اہتمام رئیسِ ادب اطفال علی عمران ممتاز کی رہائش گاہ پر ایک خصوصی تقریب بعنوان‘اسلام کے فروغ میں اسلام کی خاتون اول حضرت خدیجۃ الکبریٰ کا کردار اور یومِ باب الاسلام منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ماہرِ تعلیم و سماجی سائنس دان عنایت علی قریشی بانی و چیئرمین ایجوکیشنل اینڈ سوشل فورم نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں ممتاز قلمکار مختار حسین سومرو اور فہد کلیم شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عنایت علی قریشی نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی حیاتِ طیبہ اسلام کے ابتدائی دور میں صبر، استقامت اور ایثار کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت میں ہر سطح پر نبی کریم ﷺ کا ساتھ دیا اور اپنی جان و مال کی قربانی پیش کی۔مختار حسین سومرو اور فہد کلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سیرتِ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ سے رہنمائی حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں خواتین کے مثبت اور تعمیری کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔ دیگر مقررین میں راؤ طاہر شہزاد، عبدالرحمن رزاقی اور علی عمران ممتاز شامل تھے، جنہوں نے یومِ باب الاسلام کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلامی تاریخ کے یہ درخشاں ابواب ہماری قومی و دینی شناخت کا حصہ ہیں۔تقریب کے اختتام پر عالمِ اسلام اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعا وقاص فرید قریشی نے کرائی۔ بعد ازاں میزبان علی عمران ممتاز کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں افطار اور پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔