ملتان :  ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر اسامہ بشیر نے کہا ہے کہ ماہ صیام تعلیم و تربیت کا شاندار مہینہ ہے۔ صبر، برداشت، استقامت، اصلاح، تربیت اس ماہ کا درس ہے ہمیں اس ماہ سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام اساتذہ کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ اس ماہ میں طلبا وطالبات کی بھرپور تربیت کریں۔ پنجاب کالج نے اپنے معزز اساتذہ اکرام کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھا اور اپنے تمام انفرادی سلسلوں کو برقرار رکھا ہوا ہے اس ماہ کے درس سے مواخات وہمدردی کی آج ہمارے معاشرے کو اشد ضرورت ہے ہم سب کو معاشرتی سماجی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پروفیسر سبحان خان شیروانی، پروفیسر ڈاکٹر اکبر ندیم، پروفیسر صائمہ فیاض، پروفیسرصائمہ ظفر،پروفیسر نازیہ فیض، پروفیسرمہوش پاشا، میڈم نورین، پروفیسر قاری محمد عبداللہ، پروفیسر منیر شامی، پروفیسر ظفر، پروفیسر گوہر، پروفیسر عامر عابدی، پروفیسر محمد ارشد ودیگر نے بھی مختلف متعلقہ موضوعات اور پہلوؤں پر خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پنجاب گروپ آف کالجز ملتان کے تمام کیمپسز کے اساتذہ کرام شریک تھے۔ افطار ڈنر کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت پروفیسر قاری محمد عبداللہ نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر نازیہ اور پروفیسر مہوش نے انجام دیئے۔