پنجاب کالجز ملتان میں سالانہ اسپورٹس گالا کا شاندار انعقاد ، طالبات کی کثیر تعداد میں شرکت
ملتان(صفدربخاری سے) پنجاب گروپ آف کالجز برائے خواتین میں آج سالانہ اسپورٹس گالا نہایت جوش و خروش اور بھرپور شرکت کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس میں طالبات نے کھیلوں کے مختلف مقابلہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اسپورٹس گالا کا مقصد طلبہ میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، برداشت پیدا کرنا، جیتنے کا جذبہ ابھارنا اور شکست کو مثبت انداز میں قبول کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانانِ خصوصی صادق علی ڈوگر (سی پی او) اور محمد مصطفیٰ (چیف ایگزیکٹو آفیسر ایف ڈی او) تھے۔ اس موقع پر سی پی او نے کہا کہ کھیل خصوصاً طالبات کے لیے انتہائی اہم ہیں اور خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی اور عملی کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے کی ترقی میں خواتین کی شرکت ناگزیر ہے، جبکہ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے جرائم اور معاشرتی مسائل میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس لیے طالبات کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں میں حصہ لینا چاہیے اور پنجاب گروپ آف کالجز تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی نمبر ون ہے۔ تقریب سے محمد مصطفیٰ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایف ڈی او نے کہا کہ پنجاب کالجز ملتان کی کھیلوں کے میدان میں ایک طویل اور شاندار روایت رہی ہے۔ ادارے کی ٹیمیں ریجنل و صوبائی اور قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں جبکہ بعض کھلاڑی بین الاقوامی اعزازات بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ اس موقع پر پنجاب گروپ آف کالجز کے ڈائریکٹر پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد طلبہ کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہے کیونکہ کھیل نہ صرف صحت مند دماغ اور جسم کی ضمانت ہیں بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور پنجاب گروپ آف کالجز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ گزشتہ 20 سالوں سے تعلیمی بورڈ کے کھیلوں کی چیمپین ٹرافی بھی ہمارے پاس ہے۔ اسپورٹس گالا میں مختلف دلچسپ مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں رسہ کشی، بوری ریس اور آلو ریس، 50 میٹر دوڑ ، میوزیکل چیئر، مالٹا دوڑ، مہندی لگانا اور دیگر کھیل شامل تھیں۔ طالبات نے نہ صرف بھرپور حصہ لیا بلکہ کھیلوں کے جذبے اور ٹیم ورک کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔





































Visit Today : 531
Visit Yesterday : 475
This Month : 5204
This Year : 53040
Total Visit : 158028
Hits Today : 6172
Total Hits : 707159
Who's Online : 3




















