اسلام آباد /لاہور/ملتان/فیصل آباد:جماعت اہل سنت پاکستان کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک بھر میں ”دروسِ قرآن” کے وسیع پیمانے پر انعقاد کا اعلان کیا ہے۔جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ پیر سید مظہر سعید شاہ کاظمی، ناظم اعلیٰ پیر خالد سلطان قادری، چیف آرگنائزر الحاج احسان الحق فریدی، مرکزی ناظم اطلاعات پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، صوبائی امیر پنجاب پیر سید خلیل الرحمن شاہ بخاری، صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، صوبائی چیف آرگنائزر صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری، صوبائی نائب امیر پیرغلام قطب الدین چشتی، صوبائی ناظم اطلاعات صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی،ممبر صوبائی مجلس عاملہ پروفیسر سلیم اشرف قادری، ترجمان پروفیسر غلام محی الدین نقشبندی، نائب صوبائی ناظم صاحبزادہ علامہ قاسم سیالوی، علامہ عبدالرحیم سعیدی،نائب ناظم اطلاعات علامہ عبدالغفور جلھن سعیدی اور دیگر قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک نزولِ قرآن کا مہینہ ہے اور اس کی ساعتیں ملک میں امن، رواداری اور باہمی اخوت کے فروغ کے لیے بہترین موقع ہیں۔ جماعت اہل سنت اس ماہِ مقدس میں پورے پاکستان اور بالخصوص صوبہ پنجاب میں ‘دروسِ قرآن’ کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں، خواتین اور مرد حضرات کو قرآن کے پیغامِ امن سے روشناس کرائے گی تاکہ انتہا پسندی کا خاتمہ اور اعتدال پسندی کا فروغ ممکن ہو سکے۔ قائدین نے خصوصی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ:?”یہ مہینہ مواخات، ہمدردی، غمگساری اور کثرت سے توبہ و استغفار کا ہے۔ مومنین اپنا زیادہ سے زیادہ وقت تلاوتِ کلامِ مجید، قیام و سلام اور ذکرِ الٰہی میں بسر کریں۔ اس قیمتی وقت کو سوشل میڈیا کی خرافات اور فضول مصروفیات میں ضائع کرنے کے بجائے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی یاد میں گزارا جائے۔ جماعت کے تمام قائدین نے حکومت اور مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا کہ مساجد، نمازِ تراویح اور جمعہ کے بڑے اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ علما و مشائخ اہل سنت سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور منبر و محراب سے محبت، اخلاق اور بھائی چارے کا درس عام کریں گے۔?آخر میں تمام قائدین نے دعا کی کہ باری تعالیٰ اس ماہِ مبارک کے طفیل پاکستان کو ہر قسم کے فتنوں سے محفوظ فرمائے اور وطنِ عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔