ملتان :  یونین متاثرین گلبرگ ایگزیکٹو و متاثرین گلبرگ ملتان کے عہدیداران صدر سید اقبال حسین بخاری، چیئرمین رانا غلام مرتضیٰ، جنرل سیکرٹری راؤ محمد عارف رضوی اور چیف کوآرڈینیٹر شیخ عدیل اعجاز نے کثیر تعداد میں متاثرین کے ہمراہ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گلبرگ ایگزیکٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ملتان کے مالک اصغر علی گرمانی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔صدر یونین متاثرین گلبرگ ملتان سید اقبال حسین بخاری نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے 7000 سے زائد متاثرین اپنی جمع پونجی لگا کر اپنے گھر کا خواب سجائے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں۔ متاثرین گلبرگ ملتان نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے گلبرگ ایگزیکٹو میں مبینہ 15 ارب روپے کی کرپشن چھپانے کیلئے آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر حکومتی صفوں میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں خفیہ سہولت کاری کے ذریعے نام ای سی ایل میں ہونے کے باوجود بیرون ملک فرار ہوگیا۔چیئرمین یونین متاثرین گلبرگ رانا غلام مرتضیٰ نے کہا کہ متاثرین کو نیب ملتان سے بہت امیدیں تھیں کہ وہ انصاف فراہم کرے گا تاہم دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کارروائی سست روی کا شکار ہے جس سے متاثرین شدید مایوسی کا شکار ہیں۔جنرل سیکرٹری یونین متاثرین گلبرگ راؤ محمد عارف رضوی نے کہا کہ دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تحقیقات مکمل نہیں کی جا سکیں جبکہ ملزم بیرونے ممالک میں متاثرین کے پیسوں پر عیاشیاں کر رہا ہے اور اس کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی تاحال بلاک نہیں کیا جا سکا۔چیف کوآرڈینیٹر یونین متاثرین گلبرگ شیخ عدیل اعجاز نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو انٹرپول کے ذریعے فوری گرفتار کر کے پاکستان واپس لایا جائے، اس کی تمام جائیدادیں ضبط و نیلام کر کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے تاکہ شفاف تحقیقات اور فوری انصاف کے ذریعے اداروں کا وقار بحال ہو سکے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر متاثرین نے کہا کہ گلبرگ ایگزیکٹو ہاؤسنگ سکیم ملتان کے متاثرین کی آواز اٹھانے اور ان کے مطالبات کو حکومتی و ریاستی حلقوں تک پہنچانے میں ملتان کے غیور صحافیوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم متاثرین کی آواز کو مزید طاقت کے ساتھ بلند کرنے کی درخواست لے کر ہی وہ آج ملتان پریس کلب میں حاضر ہوئے ہیں۔متاثرین نے امید ظاہر کی کہ صحافی برادری اپنے اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہزاروں غریبوں، یتیموں، بیواؤں اور مظلوم متاثرین کی داد رسی میں بھرپور کردار ادا کرے گی، تاکہ تاریخی شہر ملتان اور جنوبی پنجاب کے عوام کو لوٹ کر فرار ہونے والا کرپٹ کردار قانون کے شکنجے میں آ کر نشانِ عبرت بن سکے اور انصاف کی بالادستی قائم ہو۔