ملتان (صفدر بخاری سے) ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان کی صحافیوں سے ملاقات ۔ ملاقات میں ملتان شہر کی ترقی ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف ایکشن پر گفتگو کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئےاورصحافیوں کی جانب سے سے شہر کی بہتری کے لئے دی جانے والی تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے تمام صحافیوں کے تعاون کا شکر گزار ہے۔ میڈیا کے تعاون سے شہر کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات بارے شہریوں کو آگاہی ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں ایم ڈی اے کا اہم کردار ہے، ایم ڈی اے شہر میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے جس کے لئےمختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ نواں شہر چوک اور عید گا چوک پر پاکستان میں پہلی مرتبہ عالمی معیار کے جدید ٹریفک سگنل لگائے گئے ہیں۔ان ٹریفک سگنلز سے ٹریفک جام کے مسائل سے چھٹکارا ملا اور شہریوں کی جانب سے بھی ایم ڈی اے کے اس اقدام کو سراہا گیا۔بوسن روڈ پر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور سٹی ٹریفک پولیس کی مشاورت سے جامع پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔ایم ڈی اے کی جانب سے بوسن روڈ سیدا والا چوک پر انڈر پاس اوروہاڑی چوک پر فلائی اوور کی تعمیر بھی زیر غور ہے۔ملتان شہر کے روڈ اور فلائی اوور کی مرمت و خوبصورت کے ساتھ ساتھ مختلف چوکوں کی کشادگی و مونومنٹ کی تعمیر کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ایم ڈی اے کا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اپنی کنٹرولرڈ روڈز پرتجاوزات کے خلاف روانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف مشترکہ کاروائیاں میں پیش پیش ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ ایم ڈی اے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔عوام الناس کی جمع پونجی کو محفوظ بنانے کے لئے ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے قوانین میں ترمیم کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے فاطمہ جناح ٹاؤن کی آباد کاری اور ترقیاتی کاموں بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن کے رہائشیوں کو سہولیات دینے کے لئے کمرشل پلاٹس فروخت کئے جا رہے ہیں۔ فاطمہ جناح ٹاؤن کے پارکس اور گرین بیلٹ اور ترقیاتی کاموں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔فاطمہ جناح ٹاؤن کے رہائشیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے کھلی کچہری لگائی جاتی ہے۔رہائشیوں کے واسا سے متعلق شکایت کو دور کرنے کے لئے ایم ڈی واسا بھی کھلی کچہری میں شریک ہوتے ہیں۔