ملتان: بشپ یوسف سوہن کی درگاہ شاہ شمس سبزواری پر حاضری، ترلائی حملے کی مذمت
ملتان : کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و بین الکلیساء مکالمہ پاکستان کے چیئرمین بشپ یوسف سوہن نے درگاہ حضرت شاہ شمس سبزواری کا دورہ کیا اور درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم عون عباس شمسی سے ملاقات کی۔ انہوں نے امام بارگاہ ترلائی اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے میں جانبحق ہونے والے افراد پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ بعد ازاں بشپ یوسف سوہن نے دربار حضرت شاہ شمس پر حاضری دی اور شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بشپ یوسف سوہن نے کہا کہ امام بارگاہ ترلائی اسلام آباد میں ہونے والا خودکش حملہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے اور کسی بھی مذہب میں معصوم جانوں کے قتل کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کا خوبصورت گلدستہ ہے اور دہشت گرد عناصر اس اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم سب کو مل کر نفرت اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام نے ہمیشہ محبت، رواداری اور خدمتِ خلق کا درس دیا۔ بالخصوص انہوں نے حضرت شاہ شمس تبریز سبزواری کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کرام نے امن، برداشت اور انسان دوستی کو فروغ دیا اور یہی پیغام آج کے حالات میں سب سے زیادہ ضروری ہے۔ بشپ یوسف سوہن نے مزید کہا کہ عبادت گاہوں کا احترام اور انسانی جان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و بین الکلیساء مکالمہ پاکستان کے نیشنل ڈائریکٹر سیموئیل کلیمنٹ نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ایسے بزدلانہ حملے پوری قوم کے لیے باعثِ رنج و الم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اولیاء کرام کی تعلیمات سے رہنمائی لیتے ہوئے معاشرے میں برداشت، مکالمہ اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ سیموئیل کلیمنٹ نے کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ نفرت انگیز بیانیے سے دور رہتے ہوئے امن اور بھائی چارے کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسیحی برادری دکھ کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ آخر میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان میں امن، محبت اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر سرفراز کلیمنٹ۔شازد گل۔پیر عبید صدرپوری۔امروز گل۔رانا عرفان۔سمیت دیگر بھی شریک تھے







































Visit Today : 415
Visit Yesterday : 577
This Month : 5665
This Year : 53501
Total Visit : 158489
Hits Today : 2808
Total Hits : 710807
Who's Online : 4



















