ملتان(صفدربخاری سے ) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (BZU) ملتان کے ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل انجینئرنگ کے زیر اہتمام فارمرز ڈولپمنٹ آرگنائزیشن اور فوڈاینڈ ایگریکلچرآرگنائزیشن کے اشتراک سے ورلڈ واٹر اینڈ جینڈر ویک 2026 کی پانچ روزہ ہفتہ وار پروگرام کی اختتامی تقریب سے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر بی زیڈ یو پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبا ل نے خطاب کرتے ہوئے ورلڈ واٹر اینڈ جینڈر ویک کی نوعیت اوران سے منسلک سرگرمیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں جامعات کو تحقیق، آگاہی اور کمیونٹی انگیجمنٹ میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد اظہر انعام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی کلمات میں پورے ہفتے کی سرگرمیوں کو ایک کامیاب اور بامقصد کاوش قرار دیا اور شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی اس نوعیت کی مشترکہ سرگرمیوں کاانعقاد جاری رکھے گی۔ فوڈاینڈ ایگریکلچرآرگنائزیشن کی نمائندہ مس ایملڈا بریجینا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور جینڈر کے مسائل کو یکجا کر کے دیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایسے اقدامات پالیسی اور عملی سطح پر مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔ فارمرز ڈولپمنٹ آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد مصطفیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو پانی کے انتظام اور زرعی سرگرمیوں میں مرکزی حیثیت حاصل ہے اور ان کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔منعقدہ تقریب میں دوران ہفتہ بھر کی سرگرمیوں اور کامیابیوں کا خلاصہ پیش کیا گیا جس میں آگاہی واک، کمیونٹی انگیجمنٹ، تربیتی سیشنز، اور پوسٹر مقابلہ شامل تھے۔ ڈاکٹر آفتاب نذیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منعقدہ تقریب میں نہ صرف آگاہی پیدا کی بلکہ مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو بھی مضبوط کیا۔تقریب میں اس موقع میں پوسٹر مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا گیاجس میں مومینا طارق اور شاہ حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ رُباب نذیر اور عامر خان دوسری پوزیشن پر رہے اور عائشہ بی بی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔کامیاب طلبہ میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ جبکہ مہمانوں میں شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔تقریب میں شریک شرکاء نے غیر رسمی ماحول میں تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں اس نوعیت کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ورلڈ واٹر اینڈ جینڈر ویک 2026 نے کامیابی کے ساتھ ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جس نے پانی، جینڈر اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات پر بامعنی مکالمے کو فروغ دیتے ہوئے آئندہ برسوں میں اس کو مزید وسعت دینے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔